اسرائیل کا غزہ کے الشفا ہاسپٹل پر دیر رات حملہ، متعدد فلسطینی زخمی

,

   

حماس کے سینئر جنگجووں کے ہاسپٹل کے اندر دوبارہ منظم ہونے کا الزام

غزہ : اسرائیلی فورسز نے رات گئے غزہ کے الشفا ہاسپٹل پر چھاپہ مار دیا اور شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے الشفا ہاسپٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں سینکڑوں مریض، طبی عملہ اور بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔اسرائیل ڈیفنس فورسز کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز ہاسپٹل میں آپریشن کررہی ہے۔ حماس کے سینئر جنگجوہاسپٹل کے اندر دوبارہ منظم ہو گئے ہیں اور وہ ہاسپٹل کو اسرائیل پر حملے کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔دوسری جانب سے اسرائیلی فورسز کی ہاسپٹل کے اندر بھاری فائرنگ سے مریض اورہاسپٹل کا عملہ خوف ہراس میں مبتلا ہے۔واٹس ایپ گروپ پر پوسٹ کی گئی ریکارڈ کال میں ایک شخص کا کہنا تھا کہ اسرائیل ٹینک نے ہاسپٹل کو گھیر لیا ہے۔ ہم خیمے کے اندر چھپے ہوئے ہیں اور ہمیں کمپاؤنڈ کے آس پاس ٹینک سے فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی غیر تصدیق شدہ فوٹیج میں ہاسپٹل کے اردگرد شدید فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے ایک بیان میں اسرائیلی کے ہاسپٹل میں چھاپے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی قابض فوج نے الشفاء میڈیکل کامپلکس پر حملے کا جواز پیش کرنے کے لیے اپنے من گھڑت بیانات کا استعمال کر رہا ہے۔یاد رہے کہ ہزاروں کی تعداد میں بے گھر فلسطینی اس ہاسپٹل میں پناہ لے رہے ہیں، جہاں اسرائیلی فورسز نے چھاپہ مارا تھا۔اسرائیل فورسز نے دعویٰ کیا کہ اسے ہاسپٹل کے نیچے سرنگوں کا ایک نیٹ ورک ملا ہے جسے حماس نے اسرائیل ڈیفنس فورس کے نومبر 2023 کے چھاپے کے دوران استعمال کیا تھا۔تاہم حماس نے اسرائیل فورسز کے الزامات اور دعوؤں کی تردید کردی ہے۔دوسری جانب وسطی غزہ میں دیر البلاح پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 12 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 645 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 676 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد 1,139 ہے۔ادھرغزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں اورصیہونی بمباری سے مزید 64 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔الجزیرہ‘ کے مطابق اسرائیل نے رات گئے دیر البلاح کے ایک مکان پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 64 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔