اسرائیل کیخلاف کارروائیوں پر وفادار گروپ کا کنٹرول: ایران

   

تہران: ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران کے اتحادی گروپ اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ انہوں نے اتوار کو معمول کے اپنے بیان میں کہا کہ مزاحمتی گروپوں کے پاس اب بھی ایسی صلاحیتیں ہیں جو انہوں نے ابھی تک اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال نہیں کی ہیں۔جمعہ کو امریکہ نے ایرانی حمایت یافتہ عراقی گروپ حزب اللہ بریگیڈز پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ امریکہ نے حالیہ عرصہ میں امریکی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری اس جیسے گروپوں پر ہی عائد کی تھی۔قدس فورس کے ایک عہدیدار پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں۔ قدس فورس ایرانی پاسداران انقلاب کی ایک شاخ ہے جو خطے میں اس کے ساتھ منسلک گروپوں کو کنٹرول کرتی ہے۔ واشنگٹن نے کہا کہ قدس فورس ایران کے حامی گروپوں کو کنٹرول کرتی ہے۔یاد رہے امریکی افواج اور اس کی قیادت والی اتحادی افواج پر 17 اکتوبر سے عراق اور شام میں 61 حملے کیے گئے ہیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے پس منظر میں خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ان حملوں میں کم از کم 59 امریکی فوجی زخمی ہوئے۔