اسلحہ سازی کی صلاحیت میں اضافے سے قبل ہتھیاروں کی درآمد پرپابندی ناقابل فہم: ترنمول کانگریس

   

کولکاتا : مرکزی حکومت کے ذریعہ 101ملٹری ہتھیاروں کی درآمدگی پر پابندی عاید کیے جانے پر ترنمو ل کانگریس نے سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم اٹھانے سے قبل ملک میں اسلحہ سازی کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت تھی اور اس کیلئے روڈ میپ تیار کیا جانا چاہیے ۔ ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر و قومی ترجمان سوگتا رائے نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ہندوستان کے مقامی دفاعی شعبے کو خود انحصار ی کیلئے مناسب خاکہ بنانا چاہئے ۔ دیسی دفاعی صنعت کو فروغ دینے کیلئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک بڑے اصلاحی اقدام کے تحت گزشتہ روز توپوں، بندوقوں، رائفلز، ٹرانسپورٹ طیارے اور سونار نظام سمیت 101ہتھیاروں کی درآمد پر پابندی کا اعلان کیاہے ۔ ترنمول کانگریس لیڈر نے کہا کہ بادی النظر میں یہ فیصلہ بہترین معلوم ہورہا ہے ۔لیکن کچھ ایسی باتیں ہیں جن پر غور کرنا چاہے ۔مرکز نے 101 ہتھیاروں کی درآمدگی پر پابندی عائد کردی ہے ، لیکن یہ سوال ہے کہ کیا ہمارے دیسی دفاعی شعبے میں ان ہتھیاروں کو تیار کرنے کی صلاحیت ہے ؟