اسمارٹ فون پھٹنے سے نوجوان زخمی

   

حیدرآباد ۔ /26 مارچ (سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقے بولارم میں پیش آئے ایک واقعہ میں اسمارٹ فون پھٹ پڑنے سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا ۔ پولیس کے بموجب 29 سالہ محمد عمران جو پیشہ سے الیکٹریشن ہیں آج صبح بولارم سے لوتھ کنٹہ جارہا تھا اور اپنا اسمارٹ موبائیل فون پینٹ کی جیب میں رکھا تھا ۔ آج صبح 9.30 بجے عمران ستیہ فیولنگ اسٹیشن پہونچا تھا کہ فون میں اچانک دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں وہ زخمی ہوگیا اور روڈ پر گرپڑا ۔ پولیس نے بتایا کہ فون کے دھماکے کے وقت عمران موٹر سائیکل چلارہا تھا اور جیب میں اچانک دھماکے کے نتیجہ میں وہ خوفزدہ ہوگیا اور نیچے گرپڑا ۔ جس کے نتیجہ میں اس کے سر ، چہرے اور پیر پر زخم آئے ۔ عمران کو زخمی حالت میں ایک قریبی خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور جہاں پر اسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ۔ اس سلسلے میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور موبائیل فون ہینڈسیٹ میں تکنیکی خرابی کے نتیجہ میں یہ دھماکہ ہوا ہے ۔ پولیس نے عمران کو مشورہ دیا کہ وہ کنزیومر فورم سے رجوع ہوکر موبائیل فون کمپنی کے خلاف شکایت درج کروائے ۔