اسماعیل ھنیہ کے قتل سے غزہ جنگ بندی کے مذاکرات کو خطرہ : قطری وزیراعظم

   

دوحہ : قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا ہے کہ اسماعیل ھنیہ کے قتل سے غزہ جنگ بندی کے مذاکرات کو خطرہ پہنچ سکتا ہے۔قطری وزیراعظم نے کہا ہے کہ بات چیت کے دوران سیاسی قتل اور غزہ میں شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، ایک فریق دوسری طرف کے مذاکرات کار کو قتل کردے تو ثالثی کیسے کامیاب ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن کیلئے سنجیدہ شراکت داروں کی ضرورت ہے، انسانی زندگی کو نظر انداز کرنے کے خلاف بھی عالمی مؤقف کی ضرورت ہے۔

ھنیہ سے قبل کن رہنماؤں کو اسرائیل نے شہید کیا؟
بیروت : اسماعیل ھنیہ سے قبل حماس کے دیگر رہنماؤں کو بھی اسرائیل نے قتل کیا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوری 1996 میں اسرائیل نے غزہ میں حماس کے فوجی رہنما یحییٰ عیاش کو شہید کیا۔ رپورٹ کے مطابق مارچ 2004 میں حماس کے بانی شیخ احمد یاسین غزہ میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے جب کہ ایک ماہ بعد اپریل 2004 میں شیخ یاسین کے جانشین عبدالعزیزالرنتیسی بھی غزہ میں اسرائیلی میزائل حملے میں شہید ہوئے۔ عرب میڈیا کے مطابق جنوری 2024 میں حماس کے سینئر اہلکار صالح العروری بیروت میں اسرائیلی ڈرون حملے میں شہید کیے گئے۔ اب اسرائیل نے ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران آنے والے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیام گاہ پر حملہ کرکے انہیں شہید کردیا۔