ارکان اسمبلی اور کونسل کے اجلاس میں فیصلہ، ایوان میں پارٹی کی حکمت عملی کو قطعیت
حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے کل 7 ستمبر سے اجلاس کے ضمن میں بی آر ایس سربراہ اور قائد اپوزیشن کے سی آر نے ایراولی فارم ہاوز میں پارٹی کے ارکان اسمبلی اور کونسل کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں اسمبلی اور کونسل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا اور 1000 دنوں میں حکومت کی کارکردگی اور ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ارکان اسمبلی اور کونسل کو ایوان میں پیش کئے جانے والے مسائل کی تفصیلات حوالے کی گئیں۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ کے سی آر اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور دونوں ایوانوں میں پارٹی کے ارکان حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کریں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسمبلی میں بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ایوان میں جس زبان کا استعمال کررہے ہیں اسے سننے کے لئے کے سی آر کو اسمبلی آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ارکان نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ کے سی آر اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے بلکہ اسمبلی اجلاس کے بعد عوام کے درمیان جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی 1000 دن کی تکمیل میں ناکامیوں کو دونوں ایوانوں میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس مکمل نہیں کئے گئے اور دفعہ 22A کے تحت زرعی اور دیگر اراضیات کو ممنوعہ فہرست میں شامل کیا گیا۔ 30 لاکھ طلبہ فیس ریمبرسمنٹ سے محروم ہیں۔ کانگریس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل میں پارٹی کی جانب سے عوامی مسائل کو پیش کیا جائے گا۔ 1؍F
وقار آباد۔ پرگی شاہراہ پر حادثہ ‘ ڈرائیور ہلاک
حیدرآباد 6 ستمبر (سیاست نیوز) وقارآباد پرگی کی قومی شاہراہ 163 پر اتوار کو ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک تیز رفتار لاری نے کار کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اِس حادثہ کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگئی۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ یہ حادثہ چنتلا چیروؤ پرگی منڈل کی مین روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار لاری نے عقبی سمت سے آلٹو کار کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں کار ڈرائیور کی برسر موقع موت واقع ہوگئی۔ پولیس پرگی نے لاری ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ (ب؍V)