اسمبلی اجلاس میں 10 دن تک توسیع کا مطالبہ، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس، پلوامہ شہیدوں کو خراج

   

حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کے بجٹ اجلاس سے قبل کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پلوامہ میں دہشت گرد حملے میں شہید سی آر پی ایف جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اجلاس میں تین سابق ارکان اسمبلی کے وی کیشولو، بی بالیا اور جے کونڈل رائو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جن کا حالیہ عرصہ میں انتقال ہوا۔ اجلاس میں بجٹ سیشن کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ عوامی مسائل کو شدت کے ساتھ پیش کرنے کے لیے پارٹی نے دونوں ایوانوں میں حکمت عملی کو قطعیت دی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی قیادت میں ارکان نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے ملاقات کی اور سیشن میں کم از کم 10 دن تک توسیع دینے کا مطالبہ کیا۔ اسمبلی کا اجلاس محض تین دن کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ کانگریسی ارکان نے اسپیکر سے خواہش کی کہ ارکان کے حقوق کا تحفظ کریں اور عوامی مسائل پیش کرنے کا بھرپور موقع دیا جائے۔ انہوں نے لال جوار کے کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کے مسئلہ پر مباحث کی خواہش کی۔ اجلاس میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، بھٹی وکرامارکا کے علاوہ محمد علی شبیر، سدھاکر ریڈی، سدھیر ریڈی، سبیتا اندرا ریڈی اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔