اسمبلی بجٹ اجلاس ۔ ریونت ریڈی اور کے سی آر پر سب کی نظریں

   

دونوں قائدین کی متوقع مباحث کے تعلق سے قیاس آرائیاں۔ صورتحال ہنوز غیر واضح
حیدرآباد6فروری( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسمبلی بجٹ اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی و قائد اپوزیشن کے چندرشیکھر راؤ میں کون عوام سے قربت اختیار کرنے میں کامیاب ہوں گے!سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں یہ ابھی واضح نہیں ہے لیکن سیاسی جماعتوں اور قائدین کی نظریں ان کے اور چیف منسٹر کے درمیان متوقع مباحث پر مرکوز ہیں ۔ 8 فروری سے جہاں بجٹ سیشن کا آغاز ہونے جا رہاہے دونوں قائدین کے درمیان مباحث کے متعلق دلچسپ تبصرے کئے جانے لگے ہیں۔ چیف منسٹر اور سابق چیف منسٹر دونوں نے انتخابات سے قبل سے ہی ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کئے ہوئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے علاوہ ازیں کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان اقتدار کی تبدیلی کے بعد سے سخت بیان بازیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ریونت ریڈی نے کئی معاملات بالخصوص کالیشورم‘ آبپاشی پراجکٹس‘ برقی خریدی معاملات کے علاوہ ریاست کی معاشی صورتحال کی تباہی کیلئے سابق چیف منسٹر اور ان کے خاندان کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کئی بیانات جاری کئے ہیں علاوہ ازیں بی آر ایس قائدین کی جانب سے چیف منسٹر کو کئی معاملات میں مسلسل نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور انہیں بھی سخت بیانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دونوں جماعتوں کے قائدین کی تلخ کلامی کے دوران 8 فروری سے بجٹ اجلاس کے دوران چیف منسٹر اور سابق چیف منسٹر کا ایوان میں ایک دوسرے سے سامنا ہوسکتا ہے ۔ کے سی آر اگر اسمبلی بجٹ اجلاس میں شرکت کرتے ہیں تو دونوں قائدین میں تلخ کلامی اور جارحانہ مباحث کی توقع کی جارہی ہے ۔ جا رہاہے کہ ایسا ہوتا ہے تو دونوں قائدین میں عوامی مسائل اور موضوعات کو بہتر انداز میں کون پیش کرے گا یہ بات قابل دید ہوگی ۔ کے سی آر کو عوامی حمایت پر بی آر ایس قائدین کا کہناہے کہ کے سی آر کے عوامی زندگی میں واپسی کے بعد حالات تبدیل ہوجائیں گے ۔ کے سی آر کے فرزند و سابق وزیر نے چند یوم قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ ’شیر جلد واپس آرہا ہے‘جس کے جواب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا تھا کہ شیر کو بند کرنے حکومت نے پنچرہ تیار کر رکھا ہے۔3