اسمبلی بجٹ سیشن کا کل سے آغاز، اسپیکر کا اعلیٰ سطحی اجلاس

   

نقائص سے پاک انتظامات، اُردو، تلگو اور انگلش میں جوابات کی سربراہی، سکھیندر ریڈی، سریدھر بابو اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار اور صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے 12 مارچ سے شروع ہونے والے اسمبلی بجٹ سیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج، وزیر اُمور مقننہ سریدھر بابو، سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو کے علاوہ چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اسپیکر اسمبلی نے کہاکہ بجٹ سیشن کے باعث دونوں ایوانوں کے ایام کار میں اضافہ رہے گا لہذا عہدیداروں کو مؤثر انتظامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ اسپیکر نے کہاکہ ارکان کی جانب سے اُٹھائے جانے والے سوالات سے متعلق تمام تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مباحث سے متعلق تمام اُمور کی تفصیلات وزراء کو بروقت پیش کی جائیں تاکہ ارکان کو اطمینان بخش جواب دیا جاسکے۔ اسپیکر نے کہاکہ وقفہ سوالات اور ان کے جوابات وقت سے پہلے ارکان کو پہونچ جائیں تاکہ سوالات میں سہولت ہو۔ اسپیکر نے سوالات کے جواب اور حکومت کے بیانات اور دیگر تفصیلات تلگو، اُردو اور انگلش میں سربراہ کرنے کی ہدایت دی۔ اسپیکر نے کہاکہ مباحث کے وقت متعلقہ محکمہ کے عہدیدار ایوان میں موجود رہیں۔ انھوں نے اسمبلی اور کونسل اجلاس کے لئے مؤثر سکیورٹی انتظامات کی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ایوان کے احاطہ اور اس کے اطراف مؤثر انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ اسمبلی سیشن کے دوران کسی بھی احتجاج کی بروقت اطلاع ملنے پر احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ انٹلی جنس حکام کو چوکس رکھا جائے تاکہ امکانی احتجاج سے نمٹا جاسکے۔ ارکان کے اسمبلی اور کونسل پہونچے میں سہولت کے لئے ٹریفک کے مؤثر انتظامات کئے جائیں۔ صدرنشین سکھیندر ریڈی نے محکمہ جات میں بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو نے اسمبلی اور کونسل کے لئے محکمہ جات سے نوڈل آفیسرس کے تقرر کی ہدایت دی۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا، ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جیتندر، ایڈیشنل ڈی جی لا اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویس ناگی ریڈی، حیدرآباد، راچہ کنڈہ و سائبرآباد کے پولیس کمشنران سی وی آنند، سریدھر بابو، اویناش موہنتی، انٹلی جنس آئی جی کارتیکیم و دیگر نے شرکت کی۔ 1