اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے مختلف مقامات پر انجن کمار یادو کا دورہ

   

ایرہ گڈہ ڈیویژن کے مقامی عوام سے مسائل کی حل کی نمائندگی

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ سابق رکن پارلیمنٹ سکندرآباد انجن کمار یادو نے آج اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ایرہ گڈہ ڈیویژن کا دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام سے ملاقات کی ۔ مختلف مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کی ۔ عوام نے انہیں نئی سڑک تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری طور پر یادداشت پیش کی ۔ اس موقع پر کانگریس کے قائدین سید نظام الدین محسن ، کرشنا کے علاوہ دوسرے قائدین اور کانگریس کے کارکن موجود تھے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ انہیں دو مرتبہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے رکن پارلیمنٹ بنانے میں اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے عوام نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے وہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے بھرپور نمائندگی کریں گے اور اس حلقہ کو ریاست کے مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کیلئے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ہی شہر حیدرآباد بالخصوص اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کی ترقی ہوئی ہے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اس حلقہ کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔ یہاں پر عوامی مسائل کے انبار ہیں۔ ضمنی انتخاب میں کانگریس کے امیدوار کو کامیاب بنانے پر ہی اس حلقہ کو ترقی حاصل ہوگی ، لہذا وہ عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ ترقی کیلئے کانگریس کو کامیاب بنائیں۔2