اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی سمادھی

   

وعدے کے 6 سال کی تکمیل پر 300 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل ، فلورائیڈ ریسرچ سنٹر تعمیر نہ کرنے پر انوکھا احتجاج
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب کیلئے جہاں انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوگئی وہیں نامعلوم افراد نے چوٹ اپل منڈل کے دنڈو ملکاپورم گاؤں میں راتوں رات بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی سمادھی بنادی جو سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ بی جے پی کے موجودہ قومی صدر جے پی نڈا نے 2016 میں بحیثیت مرکزی وزیر اسمبلی حلقہ منوگوڑ کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے چوٹ اپل منڈل کے دنڈو ملکاپورم میں فلورائیڈ ریسرچ اینڈ مئیگیشن سنٹر قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر تلنگانہ حکومت نے اُسی سال ریسرچ سنٹر کے قیام کیلئے دنڈو ملکا پورم میں 8.2 ایکر اراضی مختص کی تھی۔ اس وقت جے پی نڈا نے کہا تھا کہ مری گوڑہ میں 300 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا اور ساتھ ہی چوٹ اپل میں فلورائیڈ ریسرچ سنٹر قائم کیا جائے گا اس کے علاوہ سوشیل سیکوریٹی کے تحت فلورائیڈ کے متاثرین میں مالی امداد دینے کا فلورائیڈ کے متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا۔ اس وعدے کے 6 سال کی تکمیل کے باوجود مرکزی حکومت نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا اور نہ ہی متاثرین کو ایک روپیہ کی مالی امداد کی جس سے تلنگانہ حکومت نے جو اراضی مختص کی تھی وہ جوں کی توں پڑی ہوئی ہے۔ فلورائیڈ متاثرین سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہ ہونے پر نامعلوم افراد اس اراضی پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی سمادھی تعمیر کرتے ہوئے انوکھا احتجاج درج کرلیا ہے اور سمادھی پر جے پی نڈا کی تصویر لگادی گئی ہے۔ ن