صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کانگریس سے خائف ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد۔/11 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے چنڈور منڈل میں کانگریس پارٹی دفتر کو آگ لگادینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی کی مقبولیت سے حریف جماعتیں خائف ہیں لیکن ان بزدلانہ حرکتوں سے کانگریس پارٹی خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کے دفتر کو آگ لگانے والے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا پولیس اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا۔ اے ریونت ریڈی آج چنڈور منڈل میں پارٹی امیدوار پالوائے شراونتی کی انتخابی مہم چلانے والے تھے تاہم نصف رات کو نامعلوم افراد نے کانگریس کے دفتر کو آگ لگادی جس سے دفتر میں موجود 5 لاکھ روپئے کا الیکشن میٹریل جل کر خاکستر ہوگیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ دن بہ دن اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں کانگریس پارٹی امیدوار کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے مخالفین ڈر و خوف میں مبتلاء ہیں،کانگریس پارٹی کے دفتر کو آگ لگانا اس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے دفتر کو آگ لگادیں یا کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے مقامی منتخب امیدواروں کو خرید لیں بہر صورت کامیابی کانگریس کی ہوگی کیونکہ عوام کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ان اوچھی حرکتوں کے باوجود کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور بی جے پی پر آپس میں مفاہمت کرلینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ سازشوں اور ڈرانے دھمکانے سے کانگریس پارٹی ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے۔ پارٹی دفتر کو آگ لگانے والوں کو اندرون 24 گھنٹے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر ایس پی آفس کا گھیراؤ کرنے کا انتباہ دیا۔ ن