طویل عرصہ سے جاری تعطل ختم ، اظہر الدین کی وزارت میں برقراری طے
حیدرآباد۔25اپریل (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ مسٹر شیو پرتاپ شکلا نے گورنر کوٹہ کے تحت اراکین قانون ساز کونسل کے لئے ریاستی کابینہ کی جانب سے سفارش کردہ محمد اظہر الدین اور پروفیسر کودنڈا رام ریڈی کے ناموں کو منظوری دے دی۔ گورنر تلنگانہ کی ارکان قانون ساز کونسل کے معاملہ میں دی گئی منظوری کے بعد طویل مدت سے جاری تعطل ختم ہوگیا ۔ حکومت تلنگانہ نے سپریم کورٹ کی جانب سے پروفیسر کودنڈا رام ریڈی اور جناب عامر علی خان کی رکنیت کو ختم کئے جانے کے بعد گورنر کو روانہ کردہ سفارش میں جناب عامر علی خان کی جگہ محمد اظہر الدین کا نام روانہ کیا تھا اور جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے دوران عوامی دباؤ کے تحت انہیں ریاستی کابینہ میں شامل کرلیا گیا تھا ۔ گذشتہ دنوں سپریم کورٹ کی جانب سے مذکورہ مقدمہ کی سماعت کے دوران آئندہ سماعت 22 جولائی کو مقرر کئے جانے کے بعد گورنر تلنگانہ نے گورنر کوٹہ کے تحت ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے دونوں ناموں کو منظوری دے دی ہے۔ محمد اظہر الدین کے نام کو منظوری دیئے جانے کے بعد اب محمد اظہر الدین کی وزارت پر جو خطرات منڈلا رہے تھے وہ ختم ہوچکے ہیں کیونکہ ریاستی کابینہ میں شامل ہونے کے بعد انہیں اندرون 6ماہ کسی ایک ایوان کی رکنیت حاصل کرنا لازمی تھا اور اب ان کے نام کو تلنگانہ قانون ساز کونسل کے لئے منظوری دی جاچکی ہے۔ دونوں اراکین قانون ساز کونسل کے ناموں کو منظوری دیئے جانے کے بعد ریاستی کابینہ میں شامل وزراء نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین کی قائدانہ صلاحیتوں سے عوام کو استفادہ کا موقع حاصل ہوگا اورحکومت کو اس بات کا یقین ہے کہ دونوں اراکین قانون ساز کونسل ممکنہ حد تک بہتر نمائندگی کے ذریعہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کریں گے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے گذشتہ اتوار کو گورنر تلنگانہ مسٹر شیوپرتاپ شکلاسے ملاقات کرتے ہوئے لوک بھون میں زیر التواء اراکین قانون ساز کونسل کی فائل پر توجہ دلاتے ہوئے اس بات کی خواہش کی تھی کہ محمد اظہر الدین اور پروفیسر کودنڈا رام ریڈی کے ناموں کو منظوری دی جائے جس پر گورنر تلنگانہ نے قانونی رائے حاصل کرتے ہوئے اس پر فیصلہ کرنے کا تیقن دیا تھا اور اندرون ایک ہفتہ ان ناموں کی منظوری کے سلسلہ میں قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد گورنرنے دونوں نامو ںکو منظوری دے دی۔3/A/b