گورنر کو چانسلر کے عہدہ سے معزول کرنے کیلئے بل کی پیشکشی کا امکان
حیدرآباد ۔19 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کیرالا کے بعد تلنگانہ حکومت گورنر کو اسٹیٹ یونیورسٹیز کے چانسلر کے عہدہ سے محروم کرنے اسمبلی میں بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے چیف منسٹر کے سی آر کے کشیدہ تعلقات کے سبب حکومت نے یونیورسٹیز امور میں گورنر کی مداخلت کو ختم کرنے قانون سازی کا منصوبہ بنایا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر نے اسمبلی سرمائی اجلاس پر عہدیداروں اور وزراء سے مشاورت کی ۔ توقع ہے کہ اجلاس کیلئے جلد اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ حکومت سے اسمبلی میں منظورہ کئی بلز ایسے ہیں جن کو گورنر نے منظوری نہیں دی۔ راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سبب سرکاری کام کاج متاثر ہورہا ہے ۔ گورنر نے ریاستی یونیورسٹیز میں تقررات کیلئے مشترکہ رکروٹمنٹ بورڈ کی تشکیل پر اعتراض کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی گورنر کو وضاحت کے باوجود بل کو منظوری نہیں دی گئی ۔ ان حالات میں گورنر کو چانسلر کے عہدہ سے معزول کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ۔ کیرالا حکومت نے گزشتہ دنوں اسمبلی میں بل منظور کرکے گورنر کے اختیارات کو ختم کردیا تھا۔ اسمبلی سرمائی اجلاس میں مرکز کی تلنگانہ سے ناانصافیوں کو اجاگرکرکے عوام کو واقف کرایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے حکام کو ناانصافیوں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ تیار کرنے ہدایت دی تاکہ اسمبلی میں روزانہ ایک موضوع پر بحث کی جاسکے۔ اجلاس کے دوران کے سی آر اضلاع کے دورے نہیں کریں گے اور مکمل وقت اسمبلی میں دینگے تاکہ مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے نو قائم شدہ بی آر ایس کی بہتر انداز میں تشہیر کی جاسکے۔ر