ریاست کے قرض کو سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جائے۔ بی آر ایس کے سینئر ارکان اسمبلی کو ہدایت
حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے اپنی قیامگاہ بنجارہ ہلز نندی نگر میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے علاوہ بی آر ایس کے سینئر ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرکے 20 ڈسمبر کو اسمبلی میں حکومت کی جانب سے ریاست کی مالیاتی صورتحال ، برقی اور آبپاشی پراجکٹس کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کی کارکردگی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا جائزہ لیا۔ اس کا کس طرح جواب دیا جائے اس کی حکمت عملی تیار کی اور مناسب انداز میں دلائل اور اعداد و شمار کے ساتھ جواب دینے پر زور دیا ۔ ہاسپٹل سے ڈسچارج کے بعد اپنی قیامگاہ پر آرام کرنے والے کے سی آر نے پارٹی ارکان اسمبلی کو بتایا کہ ریاست کیلئے قرض حاصل کرکے اثاثہ جات میں اضافہ کیا گیا ہے، صرف اس کو قرض کی شکل میں نہ دیکھا جائے بلکہ سرمایہ کاری کے طور پر دیکھنے کی اپیل کے ساتھ عوام میں مثبت پیغام پہنچانے کی ہدایت دی۔ کے سی آر نے گورنر کے خطبہ پر دونوں ایوانوں میں بی آر ایس کے ردعمل اور دیگر امور پر حکومت کے جواب کے علاوہ دوسرے مسائل کا جائزہ لیا ۔ حکومت نے چہارشنبہ اور جمعرات کو اسمبلی اجلاس طلب کیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ حکومت ریاست کے مالی موقف پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کررہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارک آن ریکارڈ تمام تفصیلات پیش کرنے کی تیاری کرلی ۔ اس موقع پر ہر الزام کا موزوں جواب دینے کے سی آر نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی۔ بی آر ایس ذرائع سے پتہ چلا کہ کے سی آر نے ارکان اسمبلی کو بتایا کہ کانگریس نے جھوٹے وعدے کرکے اور عوام کو گمراہ کرکے اقتدار حاصل کیا ان وعدوں کو پورا کرنے کے موقف میں نہیں ہے، پھر ایک مرتبہ عوام کو گمراہ کرنے بی آر ایس حکومت کو بدنام کرنے اسمبلی کے پلیٹ فارم سے کوشش کرے گی۔ گورنر کے خطبہ اظہار تشکر کے مباحث میں چیف منسٹر کی تقریر سے یہ بات واضح ہوگئی ہے۔ سابق چیف منسٹر نے اسمبلی سیشن کے بعد پارلیمانی انتخابات پر ساری توجہ مرکوز کرنے کی بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کو ہدایت دی۔ کے سی آر نے کہا کہ ابھی اسمبلی انتخابات ختم ہوئے، اسمبلی حلقہ جات میں بی آر ایس امیدواروں کو کتنے ووٹ ملے کانگریس و دوسری جماعتوں کو کتنے ووٹ حاصل ہوئے اس کی تفصیلی رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ ان رپورٹس کی بنیاد پر اسمبلی حلقوں میں پارٹی کارکنوں کا جائزہ اجلاس طلب کرنے پر زور دیا۔ کامیابی حاصل کرنے والے اور شکست سے دوچار بی آر ایس کے قائدین و بی آر ایس ریاستی عاملہ کمیٹی کا تلنگانہ بھون میں اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی۔ سابق وزیر ہریش راؤ کو ہدایت دی کہ وہ بی آر ایس حکومت کے 10سالہ دور میں پیش کردہ بجٹ، محکمہ برقی، محکمہ فینانس، محکمہ سیول سپلائیز کے علاوہ دوسرے امور پر تفصیلات حاصل کرکے مکمل تیاری کے ساتھ اسمبلی کو پہونچنے کی ہدایت دی۔ن