اسمبلی میں 18 یا 19 مارچ کو ریاستی بجٹ پیش ہوگا!

   

پہلے دن گورنر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے
حیدرآباد ۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل کا اجلاس 12 مارچ سے آغاز ہورہا ہے۔ 18 یا 19 مارچ کو بجٹ پیش کرنے کے امکانات ہیں۔ 12 مارچ کو صبح 11 بجے گورنر جیشنودیو ورما اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں تبادلہ خیال کے بعد اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار بجٹ سیشن میں کن موضوعات کو بجٹ کا موقع دیا جائے اور کتنے دن بجٹ سیشن چلایا جائے اس کا فیصلہ کریں گے تاہم یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیکہ 27 مارچ تک بجٹ سیشن چلایا جائے گا۔ 13 مارچ کو گورنر کے خطبہ پر اظہارتشکر مباحث ہوگی۔ چیف منسٹر خطاب کرتے ہوئے گورنر کے خطبہ کو منظور کرنے کی قرارداد پیش کریں گے۔اس کے بعد ہولی اور اتوار کی تعطیلات کی وجہ سے پیر سے اسمبلی کا دوبارہ اجلاس منعقد ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ اسی دن اسمبلی میں ایس سی زمرہ بندی کی بل متعارف کرائی جائے گی۔ مباحث کے بعد بل کو منظوری دی جائے گی۔ اس کے بعد بی سی تحفظات سے متعلق بل اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ اس بل کی منظوری کے بعد 18 یا 19 مارچ کو ڈپٹی چیف منسٹر ریاستی وزیرفینانس بھٹی وکرامارک کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کے قوی امکانات ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے مد پر مباحث ہوگی۔ 27 مارچ کو تعرف بل پیش کرتے ہوئے مباحث کے بعد منظوری دی جائے گی۔ اگادی اور رمضان تہوار و عید کے پیش نظر 27 مارچ کو بجٹ سیشن کے اختتام کی اطلاعات ہیں۔2