سڈنی : آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹیم پین نے ساتھی کھلاڑی اسٹیواسمتھ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بیٹسمین رشپھ پنت کی جانب سے بیٹنگ کیلئے نشان کردہ گارڈ کو نہیں چھیڑا۔ ٹیم پین نے یہ بھی کہا کہ اگر ہندوستانی ٹیم کو اس واقعہ میں کچھ بھی غلط محسوس ہوتا ہے تو وہ اس مسئلہ کو حکام کے سامنے پیش کرسکتی ہے۔ آسٹریلیائی سابق کپتان اسٹیو اسمتھ سڈنی ٹسٹ میں پیر کے دن پہلے سیشن کے دوران ہندوستانی بیٹسمین کی بیٹنگ کریز کے ساتھ چھیڑخانی کرتے ہوئے دکھائی دیئے جبکہ اس مقابلہ میں پنت نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ہندوستان کو 407 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں امیدیں جگا دی تھی لیکن آخری لمحات میں یہ مقابلہ ڈرا ہوا۔ پنت نے ایک ورچول پریس کانفرنس میں کہا ہیکہ میں نے اس معاملہ پر اسمتھ سے تبادلہ خیال کیا جس پر وہ حقیقت جان کر کافی مایوس ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمتھ ہمیشہ ہی بیٹنگ کریز کے قریب ہی فیلڈنگ کرتے ہیں اور ان کا سایہ وکٹ پر پڑتا ہے۔ یاد رہے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہندوستانی سابق اوپنر ویریندر سہواگ کے علاوہ کئی دیگر افراد نے اسمتھ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔