جموں،25مئی(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ کے پولپور علاقے میں آج علی الصبح مویشی اسمگلروں نے ایک پولیس ناکے پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) جاں بحق جبکہ ایک اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق پولیس کو مویشی اسمگلنگ کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد پولپور میں ناکہ بندی کی گئی تھی تاکہ اسمگلروں کو روکا جا سکے ۔ جیسے ہی مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا گیا، ڈرائیور نے رفتار تیز کرتے ہوئے ناکے پر موجود اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی۔حادثے میں اے ایس آئی یوگر اج شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری طور پر ایمس وجے پور منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ ایک اور پولیس اہلکار زیر علاج ہے ، جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔