اسٹاف نرسیس کی 2050 جائیدادوں کیلئے نوٹیفیکیشن کی اجرائی

   

28 ستمبر تا 14 اکٹوبر تک آن لائن درخواستوں کی وصولی ، 17 نومبر کو امتحان مقرر
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : میڈیکل اینڈ ہیلت اسٹیٹ ریکروٹمنٹ بورڈ نے ریاست میں 2050 نرسنگ آفیسر (اسٹاف نرسیس ) کے تقررات کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔ بورڈ کے سکریٹری گوپی کانت ریڈی نے اہل امیدواروں کو 28 ستمبر سے 14 اکٹوبر شام 5 بجے تک آن لائن میں درخواستیں داخل کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ 16 اور 17 اکٹوبر کو درخواستوں میں کوئی غلطی ہو تو آڈٹ کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ 17 نومبر کو کمپیوٹر بیسیڈ ٹسٹ ( سی بی ٹی ) نظام میں امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ۔ جنرل نرسنگ اینڈ میڈو اٹیفری ( جی این ایم ) بی ایس سی نرسنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے امیدوار ان جائیدادوں کے لیے اہل ہوں گے ۔ درخواستیں داخل کرتے وقت تک امیدواروں کو لازمی طور پر تعلیمی اسنادات تلنگانہ نرسنگ کونسل میں رجسٹریشن کرالینا ہوگا ۔ نوٹیفیکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ 95 فیصد جائیدادیں لوکل کوٹہ میں رہیں گی ۔ عمر کی حد میں بھی 2 سال کی توسیع دی گئی ۔ پہلے 44 سال تھی اب اس کو 46 سال کیا گیا ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، ای ڈبلیو ایس امیدواروں کو 5 سال معذورین کو 10 سال کا استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ صد فیصد نشانات پر تقررات کا عمل کیا جارہا ہے ۔ جس میں کوالیفائی کے لیے 80 نشانات اور ویٹیج کے تحت 20 نشانات مختص کئے جائیں گے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والے کم از کم 6 ماہ خدمات انجام دیتے ہیں تو انہیں ویٹیج نشانات دئیے جائیں گے ۔ ایسے عملے کو متعلقہ ہاسپٹلس سے تجربہ کا سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہوگا ۔ جملہ 13 مراکز حیدرآباد ، نلگنڈہ ، کوداڑ ، کھمم ، کتہ گوڑم ، ستو پلی ، کریم نگر ، محبوب نگر ، سنگاریڈی ، عادل آباد ، نظام آباد ، ورنگل ، نرسم پیٹ میں امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ 2050 جائیدادوں میں ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت میں 1576 ، تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد ہاسپٹلس میں 332 آیوش میں 61 ، آئی پی ایم میں ایک نواز مہدی جنگ کینسر ہاسپٹل میں 80 جائیدادیں شامل ہیں ۔ اس طرح زون 1 میں 241 ، زون 2 میں 86 ، زون 3 میں 246 ، زون 4 میں 353 ، زون 5 میں 183 ، زون 7 میں 114 جائیدادیں موجود ہیں ۔ ایک ہفتہ قبل 11 ستمبر کو 1284 لیاب ٹیکنیشنس کی جائیدادوں کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا ۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ہفتہ 10 دن میں فارمیسٹ جائیدادوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ 2