اسٹالن کا انڈیا اتحاد کے رہنماؤں سے اظہار تشکر

   

چینائی 18 اپریل (یو این آئی) ٹاملناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن نے پارلیمنٹ میں حد بندی بل کو منظور نہ ہونے دینے پر لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی سمیت کانگریس کی قیادت والے اپوزیشن اتحاد انڈیا کے تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اسٹالن نے ہفتہ کے روز مرکز کی بی جے پی کی قیادت والی اتحادی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس نے اپنے مفاد کے لیے لوگوں کو شمال اور جنوب میں تقسیم کرنے ، انہیں کمزور کرنے اور ہندوستان کے سیاسی نقشے کو ازسرِ نو ترتیب دینے کی کوشش کی لیکن انڈیا اتحاد متحد رہا اور ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ڈی ایم کے قومی سطح پر انڈیا اتحاد کی ایک اہم شراکت دار ہے اور ٹاملناڈومیں کثیر جماعتی سیکولر پروگریسیو الائنس (ایس پی اے ) کی قیادت کر رہی ہے جس میں کانگریس ایک سینئر اتحادی ہے ۔ اسٹالن نے سوشل میڈیا پوسٹ میں آئین ( 131واں ترمیمی) بل کو متحد ہو کر مسترد کرنے پر انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی تعریف کی۔ یہ بل 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر لوک سبھا نشستوں کی حد بندی کے مقصد سے پیش کیا گیا تھا تاکہ اسمبلیوں میں خواتین کیلئے 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے والے بل کے نفاذ کو تیز کیا جا سکے ۔ اسٹالن نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بی جے پی کو لگنے والے جھٹکے مزید فیصلہ کن ہونے چاہئے ۔