چینائی : انگلش کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر بین اسٹوکس، جوفرا آرچر اور محفوظ اوپنر روری برنس نے دورہ ہند پر آج یہاں چیپک میدان میں ٹریننگ شروع کردی ہے جبکہ انگلش ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کا دوسرا کورونا ٹسٹ بھی منفی آیا ہے۔ اسٹوکس، آرچر اور برنس جوکہ حالیہ اختتام پذیر سری لنکائی دورہ پر ٹیم کی نمائندگی نہیں کی تھی جس کی وجہ سے وہ ہندوستان پہلے پہونچ گئے اور 6 دن کے سخت ترین قرنطینہ کی تکمیل کے بعد انھوں نے آج پریکٹس شروع کی۔ اسٹوکس اور آرچر کو انگلش انتظامیہ نے مسلسل کرکٹ کھیلنے سے ہونے والی تھکاوٹ سے محفوظ رکھنے کے ضمن میں وقفہ دیا تھا جبکہ برنس نے اپنی پہلی اولاد کی پیدائش کی وجہ سے سری لنکا کا دورہ نہیں کیا تھا۔ دوسری جانب سری لنکائی دورہ سے یہاں پہونچنے والی انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں کا کورونا ٹسٹ کیا گیا ہے اور اُمید ہے کہ وہ 2 فروری کو اپنی ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ یاد رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا میچ یہاں 5 فروری کو شروع ہوگا۔