دہلی کی ریس کورس مسجد بچانے جمعیۃ علماء سرگرم

,

   

مرکزی وزیر اقلیتی امور کرن رجیجو سے وفد کی ملاقات، یادداشت حوالے

نئی دہلی ۔ 20 اکتوبر (ایجنسیز) جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے مرکزی وزیربرائے اقلیتی امورکرن رجیجوسے ملاقات کرکے نئی دہلی میں مقبرہ صفدرجنگ کے عقب میں واقع ریس کورس مسجد اوراس سے متصل قبرستان کے تحفظ کا معاملہ اٹھایا۔ اس موقع پروفد نے صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی جانب سے مرکزی وزیر کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا، جس میں مسجد اورقبرستان کی مذہبی، تاریخی اورقانونی اہمیت کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے فوری مداخلت کی گزارش کی گئی۔ میمورنڈم میں اس بات پرزوردیا گیا کہ ریس کورس مسجد تاریخی اور مذہبی اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے اوران کے حوالے سے سرکاری ریکارڈ میں اہم دستاویزی شواہد موجود ہیں۔ ان میں بالخصوص نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کی ہیرٹیج فہرست میں مسجد کا سلسلہ نمبر22 پراندراج، دہلی گزٹ 1977 میں سلسلہ نمبر 18 پرذکر، نیزوزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند کی ویب سائٹ کی نظرِثانی شدہ فہرست میں پراپرٹی شناخت نمبرساتھ شمولیت اہم ہے۔