گروگرام ۔ پولیس نے یہاں ایک اسپا سنٹر پر دھاوا کرتے ہوئے قحبہ گری کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور سنٹر چلانے والے مینجر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں دو خواتین کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ مذکورہ اسپا سنٹر یہاں کے سیکٹر 51 علاقہ کے ایک مال میں واقع ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ گرفتار شدہ خواتین کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا جبکہ مینجر کی شناخت یوگیش کمار کی حیثیت سے سے ہوئی ہے جو نئی دہلی کے قرول باغ کا ساکن ہے۔ دوسری طرف اسپا کے اصل مالک بھگت سنگھ کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ پولیس کو خفیہ اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ پولیس کمشنر ابھیلیش جوشی نے دو پولیس افسران کو مذکورہ اسپا پر بحیثیت گاہک روانہ کیا تاکہ وہ اسپا کی ’’خدمات‘‘ سے استفادہ کرسکیں اور نشان زدہ دو ہزار روپے کے نوٹ مینجر کے حوالے کئے اور اس کے فوری بعد ہی اسپا پردھاوا کیا گیا اور خاطیوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔