اسپین میں گرمی کی شدت کے سبب درجۂ حرارت کا نیا ریکارڈ

   

میڈرڈ، یکم؍ جولائی (یو این آئی) اسپین میں ہفتے کے آخر میں اب تک کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت درج کیا گیا ہے ۔ شدید گرمی کی لہر جنوبی یورپ کو اپنی زد میں لے رہی ہے ۔ اسپین کی ریاستی موسمیاتی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جنوب مغربی صوبے ہیلوا کے شہر ایل گراناڈو میں ہفتے کے روز درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ اس نے 1965 میں سیویل کے 45اعشاریہ 2 ڈگری کے گذشتہ جون کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔جنوبی اسپین کے دیگر حصوں کو بھی شدید درجۂ حرارت کا سامنا کرنا پڑا، قرطبہ میں 44 ڈگری اور سیویل کے قریب 43اعشاریہ 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ 100 سے زیادہ(اے ای ایم ٹی) مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے سال کی پہلی بڑی گرم لہر کے دوران 40 ڈگری سے زیادہ درجۂ حرارت درج کیا ہے ۔