حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مہاراشٹرا کے ایک شخص نے اسکراپ میٹل کا استعمال کرتے ہوئے ایک فور ۔ وہیلر گاڑی بنائی ہے ۔ اور اس شخص کی جانب سے بنائی گئی یہ منفرد فور وہیلر پر مہندرا گروپ کے چیرمین آنند مہندرا کی توجہ مبذول ہوئی ۔ یو ٹیوب چیانل ڈسپلے کے مطابق دتاتریہ لوہار نے کم تعلیم کے باوجود محض اس کے بیٹے کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے یہ فور وہیلر گاڑی بنائی ہے ۔ اختراعی انداز میں بنائی گئی اس گاڑی نے آنند مہندرا کو کافی متاثر کیا اور انہوں نے جلد ہی ان کے ٹوئیٹر اکاونٹ پر اس کے ویڈیو کو شیئر کیا ۔ انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ صاف ہے کہ یہ گاڑی کسی رگولیشنس کو پورا نہیں کرتی ہے لیکن میں ہمارے عوام کی اختراعی صلاحیتوں کی ہمیشہ قدر کروں گا اور موبلٹی کے لیے ان کے جذبہ کی ۔ مہاراشٹرا کے اس شخص کی اس اختراع سے آنند مہندرا بہت متاثر ہوئے ۔ آنند مہندرا اس اختراعی گاڑی کے تبادلہ میں اسے بولیرو گاڑی کی پیشکش کریں گے ۔ اس اختراعی گاڑی کی مہندرا ریسرچ ویالی پر نمائش کی جائے گی ۔ 45 سکنڈ کے ایک ویڈیو میں دکھا گیا کہ مہاراشٹرا کے دیوراشٹر ولیج کے ایک لوہار ، دتاتریہ لوہار نے یہ گاڑی کس طرح کام کرتی ہے اس کا مظاہرہ کیا ۔ یہ گاڑی صرف 60 ہزار روپئے کے سرمایہ سے بنائی گئی ۔ اس میں ایک ’ کک ۔ اسٹارٹ ‘ میکانیزم ہے جو خاص کر صرف ٹو ۔ وہیلرس میں دکھائی دیتا ہے ۔ یہ گاری لیفٹ ۔ ہینڈ ڈرائیو ہے اور اسے پرانے اور اسکراپ کار پارٹس کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے ۔ ایک اور ٹوئیٹ میں آنند مہندرا نے کہا کہ چونکہ یہ گاڑی قواعد کے مطابقت میں نہیں ہے اس لیے مقامی اتھارٹیز اسے سڑکوں پر چلانے سے روکیں گے ۔ اس شخص کی اس اختراعی تخلیق پر انعام دیتے ہوئے مہندرا گروپ چیرمین شخصی طور پر دتاتریہ لوہار کو اس گاڑی کے تبادلہ میں بولیرو گاڑی پیش کریں گے اور اس کی اس اختراع کی مہندرا ریسرچ ویالی پر نمائش کی جائے گی تاکہ دوسروں کے لیے تحریک کا باعث ہو ۔۔