پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے تحت کروڑوں نوجوانوں کو تربیت دی گئی، روزگار کے اداروں کو تقویت دینے کا دعویٰ
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اسکل ڈولپمنٹ سے متعلق میلے کو ویڈیو کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ ہنر مندی کا یہ میلہ اپنے آپ میں منفرد حیثیت رکھتا ہے ۔ ملک بھر کے اسکل ڈولپمنٹ اداروں کا اس طرح کا مشترکہ اسکل کنووکیشن ایک انتہائی قابل تحسین اقدام ہے ۔ یہ آج کے ہندوستان کی ترجیحات کی بھی عکاسی کرتا ہے ۔ اس ایونٹ میں ملک کے ہزاروں نوجوان ٹیکنالوجی کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں۔ میں تمام نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہر ملک کی مختلف طاقتیں ہوتی ہیں، جیسے قدرتی وسائل، معدنی وسائل یا طویل ساحلی پٹی۔ لیکن اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے ایک اہم طاقت کی ضرورت ہوتی ہے ، وہ ہے یوا شکتی اور نوجوانوں کی طاقت جتنی مضبوط ہوگی اتنا ہی ملک ترقی کرے گا اور ملکی وسائل کے ساتھ اتنا ہی انصاف کیا جائے گا۔ آج ہندوستان اس سوچ کے ساتھ اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہا ہے اور پورے ماحولیاتی نظام میں بے مثال بہتری لا رہا ہے ۔ اس میں بھی ملک کا نقطہ نظر دو رخی ہے ۔ ہم اپنے نوجوانوں کو ہنر مندی اور تعلیم کے ذریعہ نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تقریباً 4 دہائیوں کے بعد ہم ایک نئی قومی تعلیمی پالیسی لے کر آئے ہیں۔ ہم نے بڑی تعداد میں نئے میڈیکل کالج، اسکل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ جیسے آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم یاآئی ٹی آئی کھولے ہیں۔ پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے تحت کروڑوں نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے ۔ دوسری طرف ہم روزگار فراہم کرنے والے روایتی شعبوں کو بھی مضبوط کر رہے ہیں۔ ہم روزگار اور صنعت کاری کوفروغ دینے والے نئے شعبوں پر بھی توجہ دے رہے ہیں ۔ آج ہندوستان سامان کی برآمدات، موبائل برآمدات، الیکٹرانک برآمدات، خدمات کی برآمدات، دفاعی برآمدات اور مینوفیکچرنگ میں نئے ریکارڈ بنا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی، ہندوستان آپ جیسے نوجوانوں کے لیے خلائی، اسٹارٹ اپ، ڈرون، اینیمیشن، الیکٹرک گاڑیاں، سیمی کنڈکٹر وغیرہ جیسے کئی شعبوں میں بھی بڑی تعداد میں نئے مواقع پیدا کر رہا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری دنیا مان رہی ہے کہ یہ صدی ہندوستان کی صدی ہونے جا رہی ہے اور اس کے پیچھے بڑی وجہ ہندوستان کی نوجوان آبادی ہے ۔ جب دنیا کے کئی ممالک میں بزرگ افراد کی آبادی بڑھ رہی ہے تب ہندوستان دن بہ دن جوان ہوتا جا رہا ہے ۔ ہندوستان کا یہ بہت بڑا فائدہ ہے ۔ پوری دنیا ہنر مند نوجوانوں کے لیے ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ حال ہی میں جی20 سربراہ اجلاس میں عالمی مہارت کی نقشہ سازی کے حوالے سے ہندوستان کی تجویز کو قبول کیا گیا ہے ۔ اس سے آنے والے وقت میں آپ جیسے نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا ہوں گے ۔ ہمیں ملک اور دنیا میں پیدا ہونے والے کسی بھی موقع کو ضائع نہیں کرنا ہے ۔ حکومت ہند آپ کی ہر ضرورت میں آپ کے ساتھ ہے ۔