معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ طلبہ کی سیکوریٹی حکومت کی ذمہ داری : سبیتا اندرا ریڈی
حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری، امدادی اور خانگی اسکولس کے طلبہ کے تحفظ اور حفاظت کیلئے ضروری رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری لیبر ڈپارٹمنٹ کو اس کمیٹی کا صدرنشین بنایا گیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری محکمہ خواتین اطفال و بہبود اور ایڈیشنل ڈی جی سواتی لکرا کو کمیٹی کے ارکان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس کمیٹی کا آج پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی، ڈی جی پی مہندر ریڈی نے بھی شرکت کی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے تعلیمی اداروں میں بچوں کی حفاظت اور سیکوریٹی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ طلبہ کو عزت و احترام کے ساتھ زندگی گذارنے اور محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بچے اپنا زیادہ تر وقت اسکولس میں گذارتے ہیں۔ لہٰذا اسکولس کا ماحول محفوظ بنانے پر اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ اگر بچوں کیلئے اسکولس میں محفوظ ماحول دستیاب نہیں ہوگا تو وہ اپنی تعلیم پر صحیح توجہ نہیں دے پائیں گے۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کے روشن مستقبل پر توجہ دے رہی ہے۔ حکومت طلبہ اور اولیائے طلبہ کے خوداعتمادی کو بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ حکومت نے والدین کی ذہنی حالت کو سمجھتے ہوئے مختلف احتیاطی و حفاظتی اقدامات شروع کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ حکومت طلبہ کی سیکوریٹی کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اس کیلئے وقتاً فوقتاً رہنمایانہ خظوط جاری کرتے رہتی ہے۔ن