اسکولس میں کورونا ہدایات پر سختی سے عمل کریں: ہریش راو

   

حیدرآباد : وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے اسکولس انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ کوویڈ۔19 کے رہنمایانہ اصول پر سختی سے عمل آوری کریں۔ سنگاریڈی میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے یکم ؍ فبروری سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کی منظوری دی ہے۔ نویں اور اس سے اوپر کی جماعتوں کے کلاسیس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ایسے میں سرکاری و خانگی اسکولس کی ذمہ داری ہے کہ وہ کوویڈ۔19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں۔ 10 ماہ بعد اسکولس و کالجس کی کشادگی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اسکولس کے تمام کلاس رومس کو سینیٹائز کرنا لازمی ہے۔ صفائی، پینے کے پانی پر توجہ کے ساتھ بیت الخلاؤں کی صفائی کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ وزیرفینانس نے سرکاری اسکولس میں صفائی کیلئے ضمانت روزگار مزدوروں اور محکمہ پنچایت کے عملہ کی خدمات سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ اسکولس میں سہولتوں کی فراہمی اور مرمتی کاموں کیلئے پنچایت فنڈز کو استعمال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے طویل عرصہ سے پکوان کی اشیاء استعمال میں نہ ہونے سے اس کو قابل استعمال بنانے کا مشورہ دیا۔ ہریش راؤ نے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 28 جنوری تک تمام اسکولس کو باریک چاول سربراہ کریں۔ مختلف سڑکوں پر آر ٹی سی بسوں کو بحال کرنے پر زور دیا۔ اسکولس انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ میں سماجی دوری برقرار رکھنے اور ایک بنچ پر ایک طالب علم کو بٹھانے کے انتظامات کریں۔ ہر اسکول میں مشن بھاگیرتا کا نل کنکشن فراہم کرنے کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دی۔