لکھنؤ : اتر پردیش کے سنبھل ضلع کے ایک سرکاری اسکول کا ڈی ایم نے اچانک دورہ کیا اور انہوں نے پایا کہ ایک ٹیچر ڈیوٹی کے دوران موبائل گیم کھیل رہا ہے۔ جب ڈی ایم نے ٹیچر کا موبائل فون چیک کیا تو پتہ چلا کہ اسکول ٹائم کے 5.30 گھنٹے کے دوران اس نے ایک گھنٹہ 17 منٹ تک کینڈی کرش کھیلا اور سوشل میڈیا کا بھی استعمال کیا۔ یہی نہیں جب ڈی ایم نے ٹیچر کے ذریعے چیک کی گئی کاپیوں کو دوبارہ دیکھا تو انہیں چھ صفحات میں 95 غلطیاں نظر آئیں۔ ڈی ایم کی ہدایت پر موبائل پر کینڈی کرش گیم کھیلنے والے ٹیچر کو معطل کر دیا گیا ہے۔میڈیا کے مطابق اس دوران جب ڈی ایم نے استاد پریم گوئل کے موبائل کی ہسٹری نکالی تو یہ بات سامنے آئی کہ استاد اسکول کے وقت میں تقریباً دو سے ڈھائی گھنٹے تک موبائل کا استعمال کرتے تھے۔ جس میں کینڈی کرش ساگا گیم ایک گھنٹہ 17 منٹ تک کھیلا گیا۔ 26 منٹ تک فون پر بات ہوئی۔ اس کے علاوہ فیس بک کو 17 منٹ، گوگل کروم 11 منٹ، ایکشن ڈیش 8 منٹ، یوٹیوب 6 منٹ، انسٹاگرام 5 منٹ اور ریڈ الونگ ایپ 3 منٹ تک استعمال کیا گیا۔