اس سال موسم گرما شدید ہوسکتا ہے

   

فبروری سے ہی گرم لہروں کا آغاز ہوگا ۔ محکمہ موسمیات
حیدرآباد /7 فروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں جاریہ سال موسم گرما بہت شدت کا ہوسکتا ہے اور عوام کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ جاریہ سال موسم گرما شدیدہوسکتا ہے اور ماہ فبروری کے دوران ہی گرمی کی لہر پیدا ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد نے مطلع کیا ہے کہ ماہ فبروری کے علاوہ مارچ اور اپریل میں گرمی کی شدید لہر ہوسکتی ہے ۔ اپریل کے پہلے نصف میں شدت کی گرمی پڑسکتی ہے جبکہ اپریل کے دوسرے نصف اور ماہ مئی کے پہلے نصف میںکچھ راحت مل سکتی ہے اور کچھ مواقع پر بارش کا بھی امکان ہے ۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ماہ مئی کے آخری ہفتے اور جون کے پہلے ہفتے میں بھی شدت کی گرمی کا عوام کو سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ موسمیات کے ماہر ٹی بالاجی نے اپنے X ہینڈل پر مطلع کیا کہ جاریہ سال کا موسم گرما تلنگانہ میں شدت کا ہوسکتا ہے اور کچھ مقامات پر درجہ حرارت 47 ڈگری سلسئیس تک بھی درج کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال کا موسم گرما بھی 2017 کے گرما کی طرح ہوسکتا ہے جبکہ کئی مرتبہ گرمی کی شدید لہر دیکھی گئی تھی اور ریاست میں گرمی لگنے سے اموات بھی ہوئی تھیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 2017 میں گرمی کی لہر کے 23 دن تھے اور 2017 کے موسم گرما کا اثر شدید تھا ۔ ریاست میں ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے 108 اموات ہوئی تھیں ۔ بالاجی نے نشاندہی کی کہ اچھے مانسون کیلئے سخت گرمی کی ضرورت ہے۔ مانسون میں بہترین بارش کیلئے سخت گرمی کی بھی ضرورت ہوگی ۔ اس سال مانسون کے موسم میں ENSO تقریباً غیر جانبدار رہے گا۔ش