اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر ، عام زندگی شدید متاثر

   

مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کیخلاف کریم نگر میں کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ
کریم نگر۔21 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگرشہر ڈی سی سی صدر کی قیادت میں اندرا گاندھی چوک مکرم پور سے کلکٹر آفس تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں کانگریس قائدین اور کارکنان نے گدھوں کی گاڑیوں پر سوار ہو کر مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر فوری قابو پایا جائے اور عوام کو راحت فراہم کرنے کے لیے ایندھن اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ریلی کے دوران مقررین نے کہا کہ ڈیزل، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت عوامی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف کارپوریٹ طاقتوں کو فائدہ پہنچانے میں مصروف ہے۔بعد میں کانگریس نمائندوں کے ایک وفد نے ایڈیشنل کلکٹر (ریوینیو) کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مرکزی حکومت تک عوامی مطالبات پہنچانے کی اپیل کی۔ اس احتجاجی پروگرام میں ضلع کانگریس پارٹی کے صدر اور چپپادندی ایم ایل اے میڈیپلی ستیم ، شہری ڈی سی سی صدر وی انجن کمار، سْڈا چیئرمین کومٹی ریڈی نریندر ریڈی، یو نریندر ریڈی، بومّا سری رام، بی سی ایس ٹی سیل کے چیئرمین پلی انجنایلو، شروان نائیک، مریتنجی، راج شیکھر اور ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین محمد تاج الدین سمیت دیگر کانگریس قائدین اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔