اضلاع میں تین دن سے جاری بارش سے فصلیں تباہ

   

سدی پیٹ میں ژالہ باری سے دسویں کا طالبعلم ہلاک ‘آئندہ 3دن مزید بارش کا امکان

حیدرآباد۔19۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے اضلاع میں گذشتہ تین یوم سے جاری مسلسل ہلکی اور تیز بارشوں کے نتیجہ میں تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آم ‘ جام‘ مکئی کے علاوہ دیگر فصلیں تباہ ہوچکی ہیں اور تلنگانہ کے کئی اضلاع سے کاشتکاروں نے غیر موسمی بارش کے سبب فصلوں کو ہونے والے نقصانات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اچانک ہونے والی اس غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں تیار فصلیں تباہ ہونے لگی ہیں اور مسلسل تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے نتیجہ میں کھڑی فصلوں کو نقصان ہورہا ہے جبکہ سدی پیٹ میں شدید ژالہ باری کے نتیجہ میں دسویں کا ایک طالبعلم ہلا ک ہوگیا ۔ تلنگانہ کے اضلاع منچریال ‘ نرمل ‘ آصف آباد‘ عادل آباد‘ راجننا سرسلہ ‘ جگتیال ‘ نظام آباد‘ کریم نگر اور پدا پلی میں فصلوں کو نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ 2 یوم بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں فصلیں مزید متاثر ہوں گی۔آئندہ دو یوم کے دوران مزید بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ گذشتہ تین یوم سے جاری اضلاع اور شہر کے نواحی علاقو ںمیں بارش ہوئی۔ گذشتہ شب شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ بوندا باندی ہوئی اور سحر کے وقت پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں اچانک ہونے والی بارش کے بعد موسم میں کچھ وقت کیلئے ٹھنڈک پیدا ہوگئی تھی اور موسم خوشگوار ہوگیا تھا لیکن چند گھنٹوں بعد درجہ حرارت میں تو کمی ریکارڈ کی گئی لیکن گرمی کی شدت میں کسی بھی طرح کی کمی نہیں دیکھی گئی ۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق حیدرآباد وسکندرآباد کے حدود میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی کے امکانات ہیں اور شہر کے کئی علاقوں میں اچانک ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کیلئے جاری زرد الرٹ کو مزید دو دن کیلئے باقی رکھا گیا ہے۔3