اظہرالدین کی الاوہ بی بی پر حاضری، انتظامات کا جائزہ

   

جلوس عاشورہ کیلئے ہاتھی حیدرآباد پہنچ گیا، چار دن تک تبرک کی تقسیم کا فیصلہ
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے محرم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ الاوہ بی بی دبیر پورہ اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے تمام سرکاری محکمہ جات کو موثر انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ صحت و صفائی کے علاوہ برقی اور پانی کی موثر سربراہی کی ہدایت دی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن واٹر ورکس ، برقی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار دورہ میں شریک تھے۔ الاوہ بی بی دبیر پورہ میں حکومت کی جانب سے چار دن تبرک کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ زائرین کی سہولت کے لئے عاشور خانوں میں کولرس اور صاف پینے کے پانی کی سربراہی عمل میں آئے گی۔ اظہرالدین نے بتایا کہ جلوس عاشورہ کے لئے کالی کٹ سے ہاتھی حیدرآباد پہنچ چکا ہے۔ ہاتھی پر بی بی کا علم برآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محرم کے دوران موثر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم کے انتظامات کے سلسلہ میں بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر سے بی بی کا الاوہ پر حاضری کے لئے درخواست کی جائے گی۔ اظہرالدین نے کہا کہ خامیوں اور نقائص سے پاک انتظامات حکومت کی ترجیح ہیں۔ زائرین نے اظہرالدین کو مختلف مسائل کی جانب توجہ دلائی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی جعفر حسین معراج ، رکن کونسل ریاض الحسن آفندی ، صدرنشین ٹمریز فہیم قریشی اور سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور دوسرے موجود تھے۔ 1/k.m/b