رام پور۔ 16 نومبر ۔ (ایجنسیز) سماج وادی پارٹی لیڈر محمد اعظم خان کو عدالت سے ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے انہیں عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا ہے، جس کے بعد پولیس انہیں غازی آباد کی ڈاسنا جیل منتقل کر رہی ہے۔ اس مقدمہ کی اگلی سماعت 26 نومبر کو ہوگی۔اعظم خان سے ای ڈی نے مسلسل تیسرے دن پوچھ گچھ کی۔ تفتیش میں حکام کی توجہ مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ کو موصول عطیات اور رام پور میں محمد علی جوہر یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کیلئے رقوم کے مبینہ استعمال پر مرکوز رہی۔ ایجنسی سہارنپور میں اعظم خان کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے متعلق مقامات پر چھاپوں کے دوران دستیاب دستاویزات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ ان ریکارڈز کی مدد سے ٹرسٹ کے مالیاتی کھاتوں، لین دین اور عطیات کی رقم کے استعمال سے متعلق سوالات تیار کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کی تعمیر میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات کے دوران ای ڈی نے 31 اکتوبر کو اعظم خان کو رام پور جیل سے رہائی کے بعد اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔