تاج محل سے لوٹی گئی تاریخی سنگِ مرمر کی تختی کی نیلامی

   

لندن ۔ 27 نومبر (ایجنسیز) برطانوی راج کے دوران مغلیہ دور کے شاہکار تاج محل کے زیر زمین کمرے سے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایک فوجی افسر کی جانب سے نکالی گئی سنگِ مرمر کی ایک نادر اور تاریخی تختی کو 9 دسمبر کو لندن میں نیلام کیا جا رہا ہے۔ 55.8 سینٹی میٹر لمبی اور 45.2 سینٹی میٹر چوڑی یہ مستطیل تختی قیمتی اور نایاب پتھروں جن میں عقیق، یشب اور سلیمانی پتھر شامل ہیں، کے پرکشش پچی کاری کے کام سے آراستہ ہے، اور اس کا گلکاری کا حاشیہ بالکل اسی طرز کا ہے جو تاج محل میں مغل شہنشاہ شاہ جہاں کی قبر کی بالائی سطح پر کندہ ہے۔ یہ نادر نمونہ 1816 میں آگرہ کے تاریخی عمارات کے برطانوی نگراں کرنل پاونل فپس نے اپنے قبضے میں لیا تھا جو گزشتہ 210 برسوں سے برطانیہ میں ان کے خاندان کے پاس محفوظ تھا۔