حلقہ جات کی از سر نو حد بندی بل کو شرد پوار اور ایم کے اسٹالن کی تائید

,

   

پارٹی کو متحد رکھنے بل کی تائید ضروری ۔ شرد پوار کی وضاحت۔ ہماری تشویش دور کردی گئی ۔ اسٹالن نے فیصلے کی وجہ بتائی

نئی دہلی 28 نومبر ( ایجنسیز ) مرکزی حکومت کی جانب سے حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کے بل کو منظور کروانے کی کوششوں کو اس وقت استحکام حاصل ہوا جب این سی پی ( شرد پوار ) اور ٹاملناڈو کی ڈی ایم کے نے اس بل کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ این سی پی شرد پوار گروپ کے سربراہ شرد پوار نے سمجھا جاتا ہے کہ کانگریس قیادت کو فون کرتے ہوئے پارٹکی کے فیصلے سے واقف کروادیا ہے اور یہ واضح کیا کہ ان کی پارٹی کو متحد کرنے کیلئے اس بل کی تائید ضروری ہوگئی تھی ۔ پارٹی کے لیڈر جتیندر اہواڑ نے میڈیا س بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے حالانکہ اس بل کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن پارٹی نے انڈیا اتحاد کے اجلاس میں شرکت کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ انڈیا اتحاد کی جماعتوں کا 28 نومبر کو دہلی میں اجلاس ہونے والا ہے ۔ واضح رہے کہ انڈیا اتحاد کی بیشتر جماعتیں اس بل کی مخالفت کر رہی ہیں اور کانگریس پارٹی نے اس بل کی تائید کرنے این سی پی کے فیصلے کو افسوسناک اور بدبختانہ قرار دیا ہے ۔ قبل ازیں شیوسینا ادھو گروپ کے لیڈر سنجے راوت نے این سی پی کے فیصلے کو عزت نفس گروی رکھنے اور غداری کے مترادف قرار دیا تھا ۔ اس دوران ڈی ایم کے کے سربراہ و سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو مسٹر ایم کے اسٹالن نے بھی اعلان کیا کہ ان کی پارٹی بھی اس بل کی تائید کرے گی ۔ پارٹی ارکان پارلیمنٹ کے آج صبح منعقد ہوئے اجلاس میں پارٹی نے بل کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایم کے اسٹالن نے سوشیل میڈیا پر پارٹی کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ منصفانہ حد بندی کے مطالبہ کو بل میں شامل کرلیا گیا ہے اس لئے ان کی پارٹی اس بل کی تائید کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے دو نکات کی وجہ سے اس بل کی ماہ اپریل میں مخالفت کی تھی اور چونکہ ان نکات کو حل کرلیا گیا ہے اس لئے بل کی تائید کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ نکات شامل ہونا ان کی پارٹی کی جدوجہد کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنوری ریاستوں بشمول ٹاملناڈو کی بھی کامیابی ہے ۔ انہوں نے ملک کی اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ اس بل کی تائید کے تعلق سے غور کریں اور جذباتیت کا شکار ہوئے بغیر فیصلہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریاست کو 50 فیصد اضافی نشستیں حاصل ہونگی اور اگر یہ موقع گنوادیا گیا تو اس سے نقصان ہوگا ۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اے راجہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ ان کی پارٹی نے اس نئے بل کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی کے ایک اور رکن پارلیمنٹ دیاندھی مارن نے بھی یہ اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی ایوان میں اس بل کی تائید کرے گی ۔ ڈی ایم کے کے لوک سبھا میں 22 ارکان ہیں اور اس کی تائید اس بل کی منظوری کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے ۔ ڈی ایم کے اور شیوسینا ایس پی کی تائید سے حکومت کی کوششوں کو استحکام حاصل ہوا ہے ۔ چونکہ یہ دستوری ترمیمی بل ہے اس لئے اس بل کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں دو تہائی اکثریت سے منظور کروانا ضروری ہے ۔