اعلیٰ انسانی اقدار کیلئے اُسوہ رسولؐ مینارۂ نور

   

حسن اخلاق کو زندگی کا شعار بنائیں ، گلبرگہ میں جلسہ برائے خواتین ، عالمات کا خطاب
گلبرگہ۔30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موجودہ پرآشوب دور میں جب دنیا ادب، انسانیت، اخلاق اور باہمی احترام جیسے اعلیٰ انسانی اقدار سے بتدریج محروم ہوتی جا رہی ہے، ایسے حالات میں اسوہ ٔ رسولِ اکرمؐ ہی وہ روشن مینار ہے جس سے رہنمائی حاصل کرکے ہر فرد،ہر خاندان اور معاشرہ کی اصلاح ممکن ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ حضور نبی کریم ؐ کی سیرتِ طیبہ اور کردارِ عالیہ کو اپنی زندگی کے لیے مشعلِ راہ بنائیں۔ان خیالات کا اظہار محترمہ عالمہ فاضلہ یاسمین اشرفی نے آل انڈیا اردو ویلفیئر ڈیولپمنٹ ٹرسٹ بنگلور اور کل ہند مجلسِ تعمیر ملت شعبہ نسواں ضلع گلبرگہ کے باہمی اشتراک سے 29 اگست 2026 بروز ہفتہ، زیبا ریسیڈنسی، نزد صدیقی مسجد، نیا محلہ، گلبرگہ میں منعقدہ جشن میلاد النبیؐ برائے خواتین کے موقع پر خواتین کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محترمہ یاسمین اشرفی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ رسولِ اکرم ؐنے انسانیت کو ایسا جامع پیغامِ حق عطا فرمایا جو رہتی دنیا تک مکمل ضابطہ حیات کی حیثیت رکھتا ہے۔ قرآنِ کریم نے آپ ؐکی ذاتِ اقدس کو پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم محض زبانی محبت کے اظہار تک محدود نہ رہیں، بلکہ سیرتِ طیبہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔محفل کا آغاز ام ماریہ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد الفیہ بیگم نے بارگاہِ رسالت مآب ؐمیں نعتِ رسولِ مقبول ؐکا نذرانہ پیش کیا۔ تقریب میں محترمہ کنیز فاطمہ ، رکن اسمبلی شمال محترمہ ڈاکٹر عقیلہ صدیقہ اور محترمہ ڈاکٹر رئیسہ فاطمہ نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت فرمائی۔ نظامت کے فرائض محترمہ ثانیہ عطرت انجام دیئے۔ نکہت فاطمہ ،زینب بیگم، طالبات الامین اردو ہائی اسکول، خونی الاوہ، مومن پورہ گلبرگہ اور ڈاکٹر حافظہ سیدہ نبیلہ نے حضور اکرمؐ کی حیاتِ طیبہ اور سیرتِ مبارکہ کے مختلف گوشوں پر اظہارِ خیال کیا۔اس موقع پر محترمہ عالمہ فاضلہ عزیزہ سلطان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریمؐ سے محبت ایمان کی جان ہے، اور محبت رسول ؐکا حقیقی تقاضہ یہ ہے کہ ہم آپ ؐکی سنت و سیرت کی پیروی کریں، اطاعت کریں، کثرت سے درود و سلام اور حسنِ اخلاق کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ محترمہ زیبا تبسم صدر آل انڈیا اردو ویلفیئر ڈیولپمنٹ ٹرسٹ بنگلور و سیکریٹری شعبہ نسواں، کل ہند مجلسِ تعمیرِ ملت ضلع گلبرگہ نے پروگرام کے کامیاب انعقاد کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر تمام مہمانانِ خصوصی اور مقررین کی خدمت میں شال پوشی و گل پوشی بھی کی گئی۔آخر میں محترمہ رابعہ تبسم نے کلماتِ تشکر پیش کئے۔