حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے صدرنشین پروفیسر ایم جگدیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں دیگر ریاستوں سے مضبوط ہے اور انہوں نے اعلیٰ تعلیم کیلئے ریاست میں مواقع کی ستائش کی۔ پروفیسر کمار آندھرا مہیلا سبھا آرٹس اینڈ سائنس کالج فار ویمنس کی چھٹویں گریجویشن تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے اعلیٰ تعلیم پانے والے طلبہ نے مختلف شعبہ جات میں اپنی کارکردگی کو منوایا ہے۔ دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں تلنگانہ میں اعلیٰ تعلیم مضبوط ہے۔ سافٹ ویر، ایڈمنسٹریشن اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی میں تلنگانہ کے طلبہ نمایاں مظاہرہ کررہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروفیسر کمار نے کہا کہ تلگو ریاستیں اعلیٰ تعلیم میں بہتر کام کررہی ہیں۔ انہوں نے ریاستی یونیورسٹیز کو مشورہ دیا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی پر عمل کریں تاکہ طلبہ کو آزادی اور اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیجیٹل یونیورسٹی جولائی 2023 میں قائم کی جائیگی جس کے تحت مختلف کورسیس میں سرٹیفکیٹ، ڈپلوما اور ڈگری پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4 سالہ انڈر گریجویٹ اور انٹیگریٹیڈ ڈگری کے طلبہ جنہوں نے اقل ترین 75 فیصد نشانات حاصل کئے وہ نئے گائیڈ لائنس کے تحت پی ایچ ڈی میں داخلے کے اہل ہیں۔ر