افغانستان میں 967 طالبان جنگجو ہلاک، 500 سے زائد زخمی

   

کابل: افغانستان کے مختلف حصوں میں گزشتہ چار دنوں کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں طالبان کے 967 جنگجو مارے گئے اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ افغان سکیورٹی اور ڈیفنس فورسز کے ترجمان جنرل اجمل شنواری نے اتوار کے روز یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے 20 صوبوں اور نو شہروں میں طالبان کے خلاف لڑائی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا ‘‘صورتحال میں بہتری کی توقع ہے ۔ ایک فوجی جنرل کی حیثیت سے میں یقین دلاتا ہوں کہ تمام افغان علاقوں کا بہادری کے ساتھ دفاع کیا جائے گا’’۔ٹولونیوز کی رپوٹ کے مطابق شمال مشرقی صوبہ تخار کے طالقان شہر کے بیرونی علاقہ میں سکیورٹی فورسز اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ یہاں کے رہنے والے مقامی لوگوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے گزشتہ دو ہفتوں سے شہرکو کنٹرول میں لے رکھا ہے ۔ طالقان کے رہائشی عبدالکریم نے بتایا ’’صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے ۔ طالبان کی فائرنگ نے یہاں کے مکانات کو بھی اپنی زد میں لے لیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’حکومت کو شہر کو اس صورتحال سے باہر نکالنے کی کوشش کرنی چاہئے۔‘‘