افغانستان نے مسلسل 12 ویں کامیابی کا نیا عالمی ریکارڈ بنالیا

   

ڈھاکہ۔16ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) محمد نبی (ناٹ آؤٹ 84 رن) کی شاندار نصف سنچری اور مجیب الرحمن (15 رن پر چار وکٹ) کی خطرناک بولنگ کی بدولت افغانستان نے بنگلہ دیش کو سہ رخی سیریز کے تیسرے میچ میں 25 رنوں سے شکست دے کر اس سیریز میں اپنی دوسری کامیابی درج کرلی۔ اس جیت کے ساتھ ہی افغان ٹیم نے عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا ہے۔ افغان ٹیم کے نام مسلسل 12 ٹی 20 مقابلے جیتنے کا عالمی ریکارڈ درج ہوگیا ہے۔ انہوں نے اپنے ہی عالمی ریکارڈ کو توڑ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے پہلے مسلسل 11 ٹی 20 میچ جیتنے کا ریکارڈ تھا جو اسی ٹیم کے نام تھا۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان نے مسلسل 9 ٹی 20 میچ جیتے ہیں۔افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نبی کی بہترین نصف سنچری کی بدولت 20 اووروں میں چھ وکٹوں پر164 رنز بنائے۔ نبی نے 54 گیندوں میں تین چوکے اور سات چھکے لگائے۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم 19.5 اووروں میں محض 139 رنوں پر سمٹ گئی۔ نبی کو ان کی شاندار اننگز کے لئے پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے اتری افغانستان کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس کے چار وکٹ محض 40 رن پر ہی گر گئے۔ اس کے بعد اصغر افغان اور نبی نے پانچویں وکٹ کے لئے 79 رنوں کی مضبوط شراکت داری نبھاتے ہوئے اپنی ٹیم کی اننگز کو سنبھالا۔افغانستان کی جانب سے نبی کے علاوہ اصغر نے 37 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکے کی مدد سے 40 رنز، نجیب نے 11 اور نجیب اللہ جادران نے پانچ رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف الدین نے 33 رن دے کر چار وکٹ اور کپتان شکیب الحسن نے 18 رن پر دو وکٹ لئے۔بنگلہ دیش کی اننگز میں محموداللہ نے 39 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 44 رنز، عفیف حسین نے 16 اور مستفیض الرحمن نے 15 رن بنائے۔ افغانستان کی جانب سے رحمان نے 15 رن دے کر چار وکٹ لئے جبکہ فرید ملک، راشد خان اور گلبدین نائب نے فی کس دو وکٹ لئے۔