افغانستان کے بلے بازوں نے لگائے 7 گیندوں پر لگاتار 7 آسمانی چھکے ، بنا ڈالا نیا ورلڈ ریکارڈ

   

کرکٹ میں نیا کرشمہ
افغانستان کے بلے بازوں نے لگائے 7 گیندوں پر لگاتار 7 آسمانی چھکے ، بنا ڈالا نیا ورلڈ ریکارڈ
ڈھاکہ ۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ میں لگاتار چھ گیندوں پر چھ چھکوں کے کارنامے تو کئی مرتبہ انجام دئے جا چکے ہیں ، لیکن بنگلہ دیش میں تین ممالک کی ٹی 20 سیریز کے دوران ہفتہ کو افغانستان کے محمد نبی اور نجیب اللہ زادران نے ایک نیا ہی کرشمہ کردکھایا۔انہوں نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 میچ میں لگاتار سات گیندوں پر سات چھکے جڑ دئے۔ محمد نبی نے تیندئی چٹارا کی گیند پر لگاتار چار چھکے لگائے اور اس کے بعد نجیب اللہ نے نیول مودجیوا کی گیندوں پر لگاتار تین چھکے لگا دئے۔ یہ سلسلہ مودجیوا کے ذریعہ وائیڈ گیند ڈالنے کے بعد رکا۔ کرکٹ میں سات گیندوں میں لگاتار سات چھکے لگانے کا کارنامہ پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ محمد نبی نے 18 گیندوں کا سامنا کیا اور 38 رن بنائے وہیں نجیب اللہ نے 30 گیندوں میں پانچ چوکے اور چھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 69 رن بنائے۔ دونوں جب کریز پر آئے تو اس وقت افغانستان کا اسکور 13.2 اوورس میں چار وکٹ پر 90 رن تھا۔ ان دونوں نے مل کر زمبابوے کی جم کر خبر لی اور اگلی 40 گیندوں میں 107 رن بنا ڈالے۔یہ بین الاقوامی ٹی 20 میچوں میں پانچویں وکٹ کیلئے دوسری سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔ یہ ریکارڈ پاکستان کے شعیب ملک اور مصباح الحق کے نام ہے ، جنہوں نے 2007 میں آسٹریلیا کے خلاف ناٹ آوٹ 119 رن بنائے تھے۔ محمد نبی ار نجیب اللہ نے 10 چھکے لگائے۔