افغان چیک پوائنٹ پر طالبان حملہ، 20 فوجی جوان ہلاک

   

کابل ، 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے مغربی صوبہ فراح میں ایک آرمی چیک پوائنٹ پر ہلہ بول کر 20 فوجی جوانوں کو ہلاک کردیا ہے، ایک افعان عہدہ دار نے یہ بات بتائی۔ صوبائی کونسل کے عہدہ دار داداللہ قانح نے پیر کو کہا کہ شورش پسندوں نے گزشتہ شب ضلع گلستان میں کئے گئے حملے میں دو سپاہیوں کو پکڑلیا بھی ہے۔ مغویہ جوانوں کا حشر فوری طور پر معلوم نہیں ہوپایا۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ طالبان افغانستان کی تقریباً 18 سالہ جنگ کو ختم کرنے کیلئے امن مساعی کی کوششیں تیز کئے جانے کے باوجود افغان فورسیس پر ہنوز لگ بھگ روزانہ حملے کرتے رہتے ہیں۔ قبل ازیں اتوار کو طالبان نے شمالی صوبہ بغلن میں خودکش کار بمباری کے ذریعے پولیس ہیڈکوارٹرز پر ہلہ بولا تھا، جس میں 13 پولیس ملازمین ہلاک ہوئے اور چھ گھنٹے بندوق کی لڑائی چلتی رہی۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 55 افراد بشمول 20 عام شہری زخمی بھی ہوئے، یہاں تک کہ حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔