اقبال اکیڈیمی ، حیدرآباد کی صدارت کیلئے محمد ضیاء الدین نیر کا انتخاب

   

حیدرآباد : اقبال اکیڈیمی حیدرآباد کے ایک پریس نوٹ کے بموجب سینئر ارکان اور فاؤنڈیشن ممبرس کی ایک نشست گلشن خلیل پر منعقد ہوئی جس کی صدارت جناب غلام یزدانی سینئر ایڈوکیٹ نے فرمائی ۔ جناب محمد ضیاء الدین نیر نے جناب محمد ظہیر الدین احمد مرحوم صدر اقبال اکیڈیمی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر شرکاء اجلاس نے ظہیر صاحب کی خدمات پر روشنی ڈالی اور آخر میںمرحوم کی مغفرت اور مقامات اعلیٰ سے سرفراز کرنے کی دعا کی گئی ۔ اس ہنگامی اجلاس میں جناب محمد ضیاء الدین نیئر کو اکیڈیمی کا صدر اور ڈاکٹر خواجہ ناصر الدین کو نائب صدر متفقہ طور پر منتخب کیا گیا ۔ جناب غلام یزدانی سینئر ایڈوکیٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جناب محمد ظہیر الدین احمد صاحب کا اقبال پر مطالعہ بہت وسیع تھا اور ان کی فارسی دانی بھی مسلم تھی ۔ وہ اقبال کے عاشق تھے ۔ محافل اقبال شناسی کی افتتاحی تقریر مرحوم نے ہی کی تھی اور مسلسلدو سال تک ہر ہفتہ مخاطب کرتے رہے ۔ مسجد عالیہ میں مرحوم کی تقاریر کو بھلایا نہیں جاسکتا ۔ منتخبہ صدر جناب نیئر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی کے صدر اکیڈیمی پروفیسر عالم خوندمیری ، جناب سید خلیل اللہ حسینی ، پروفیسر صلاح الدین اور جناب محمد ظہیر الدین احمد کے سابق کارناموں پر عمل کرتے ہوئے ان کو مزید وسعت دینے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ معتمد اور خازن کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ اس نشست میں صدر اجلاس کے علاوہ ڈاکٹر خواجہ ناصر الدین ، جناب سید امتیاز الدین ( معتمد ) ، جناب مظہر لطیفی ( خازن) اور جناب محمد وجیہ الدین کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔