فارمولہ ای ریسنگ معاملہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش، چیف منسٹر پر تنقید کی مذمت
حیدرآباد ۔17۔جنوری (سیاست نیوز) رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کی جانب سے خود کو بے قصور قرار دینے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ تحقیقات سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کے ٹی آر گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے کہا کہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر اگر بے قصور ہیں تو پھر انہیں تحقیقات کا سامنا کرنے سے خوف کیوں ہیں؟ تحقیقات میں حصہ لیتے ہوئے خود کو بے قصور ثابت کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 40 کروڑ سے زائد کی عوامی رقومات کو فارمولہ ای ریسنگ کمپنی کو جاری کرتے وقت قواعد کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقدمہ میں کوئی ثبوت نہیں ہے تو پھر اینٹی کرپشن بیورو اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے تحقیقات کے لئے کیوں طلب کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کے ٹی آر کی درخواست کو مسترد کردیا اور تحقیقات جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔ سری ہری نے الزام عائد کیا کہ عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے باوجود کے ٹی آر کے غرور اور تکبر میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ادارے اپنی رپورٹ میں بدعنوانیوں کو ثابت کریں گے۔ اسی دوران رکن قانون ساز کونسل جیون ریڈی نے کے ٹی آر کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو نشانہ بنانے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں بدعنوانیوں کی جانچ کی جارہی ہے اور کے ٹی آر کو حقائق منظر عام پر آنے کا خوف لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت سیاسی انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں کیونکہ ریونت ریڈی عوام کی جانب سے منتخب چیف منسٹر ہیں۔1