اقلیتوںکو کانگریس کے قریب لانے کیلئے مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کی مہم

   


ڈگ وجئے سنگھ سے شیخ عبداللہ سہیل کی بات چیت
حیدرآباد ۔23 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی تلنگانہ میں اقلیتوں کو پارٹی سے قریب کرنے کیلئے عنقریب خصوصی مہم کا آغاز کرے گی۔ اے آئی سی سی قائد ڈگ وجئے سنگھ سے اس مسئلہ پر صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ریونت ریڈی سے منظوری حاصل کرنے کے بعد تفصیلی منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ریاست کے اقلیتوں کو کانگریس کے قریب کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈگ وجئے سنگھ نے پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اقلیتوں کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کانگریس حکومت نے مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے جس کے نتیجہ میں روزگار اور تعلیم میں مسلمانوں کو فائدہ ہوا۔ کانگریس پارٹی اقلیتوں میں اس کارنامہ کی تشہیر میں ناکام ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور اقلیتوں میں دوری کی مختلف وجوہات ہیں۔ اس خلیج کو ختم کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ بی آر ایس حکومت کے وعدوں کی عدم تکمیل اور ناکامیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ کے سی آر نے مسلمانوں کیلئے 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا۔ محکمہ اقلیتی بہبود اور اس کی اسکیمات کیلئے فنڈس میں اجرائی میں حکومت ناکام ہوچکی ہیں جس کے نتیجہ میں فلاحی اسکیمات ٹھپ ہیں۔ر

انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کا جھوٹا نقاب لگاکر کے سی آر اقلیتوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ کے سی آر نے ہمیشہ مرکز میں بی جے پی کی تائید کی۔ مجوزہ مہم کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں اور بے گھر خاندانوں کو کانگریس سے قریب کیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں 10 تا 12 لاکھ اقلیتی طبقہ کے بیروزگار نوجوان ہیں۔ حکومت قرض کی فراہمی کے نام پر اقلیتوں کے ساتھ مذاق کر رہی ہے۔ مہم میں عوام کو بتایا جائے گا کہ بی آر ایس سیکولر پارٹی نہیں ہے۔ ر