سرینگر، 20 جون(یواین آئی) محبوبہ مفتی، صدر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے الزام عائد کیا کہ ملک میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی سلوک کو بتدریج معمول بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ”بی جے پی کے نام نہاد وکست بھارت کی حقیقت یہی ہے کہ نفرت انگیز تقاریر اس حد تک معمول بن چکی ہیں کہ پیدا نہ ہونے والے مسلم بچوں کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ مسلمانوں، عیسائیوں، دلتوں اور آدیواسیوں کو مسلسل حاشیے پر دھکیلا جا رہا ہے ، جبکہ گھروں اور مساجد کو بلاخوف و خطر مسمار کیا جا رہا ہے ۔’ محبوبہ مفتی نے نفرت انگیز زبان اور بیانات پر کہا کہ ایسے بیانات کے خلاف خاموشی معاشرتی تقسیم کو مزید گہرا کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ”اس قسم کی نفرت انگیز بیان بازی پر خاموشی اُن عناصر کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔