اقلیتی اسکیمات کے ثمرات مستحقین تک پہنچانے کی ہدایت

   

سنگاریڈی میں وزیر اعظم 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ ، رکن قومی اقلیتی کمیشن کا خطاب

سنگاریڈی 19 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محترمہ سیدہ شہزادی رکن قومی اقلیتی کمیشن نے سنگاریڈی کلکٹریٹ میں ضلع سنگاریڈی میں اقلیتوں کیلئے وزیر آعظم 15 نکاتی پروگرام کی عمل آواری اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کی ترقیاتی و فلاح وبہبود اسکیمات کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انھوں نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ تمام محکمہ جات باہمی تعاون اور اشتراک کے ساتھ اقلیتوں سے متعلق اسکیمات پر صد فیصد عمل آواری اور مستحقین تک اس کے ثمرات کو پہنچانے کے لیے کام کریں۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری سے اقلیتوں کی ترقی اور فلاح بہبود ہوگی۔ عہدیدار کو اہم اختیارات حاصل رہتے ہے وہ انھیں سماج میں بہتری لانے استعمال کریں ان کی سنجیدہ کوششوں سے غریب خاندانوں میں خوشحالی پیدا ہوسکتی ہے چنانچہ عہدیدار فلاحی اسکیمات کو مستحقین تک پہنچانے کی مقدور بھر کوشش کریں۔ سیلف ہیلپ گروپس کی اقلیتی خواتین کو مختلف فنون سکھائیں تاکہ وہ اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکیں۔ اقلیتی نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ اور ٹکنیکل کورسیس کی تربیت اور خود روزگار قرضہ جات کی فراہمی کے ذریعہ ان کی زندگی سنوارنے کی کوشش عہدیداروں کو کرنی چاہئے اور یہ تمام سرکاری اسکیمات میں موجود ہے۔ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی پر بھی خصوصی توجہ ضروری ہے۔ محترمہ سید شہزادی رکن قومی اقلیتی کمیشن نے اقلیتی اقامتی اسکولس ، کستور با گاندھی بالیکا ودیالایا، گرو کل اسکولس ، دوپہر کے کھانے، کے سی آر کٹس، آنگن واڑی سنٹرس میں دی جانے والی غذاء، بستی دواخانہ، اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس، بینک سے مربوط خود روزگار قرضہ جات کی اجراء، شادی مبارک اور دیگر اقلیتی اسکیمات پر عمل ا ٓواری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے تفصیلات پیش کیں۔ انھوں نے وزیر آعظم 15 نکاتی پروگرام کی عمل آواری اور اس کی پیش رفت کا جائزہ لینے ہر تین ماہ میں ضلعی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں رمنا کمار ایس پی’ ویرا ریڈی اڈیشنل کلکٹر’ ناگیش ڈی آر او’ ایم جی انور ‘ یلیا سی ای او ضلع پریشد’ سرینیواس راو پی ڈی ڈی آر ڈی اے’ ڈاکٹر گایتری ڈی ایم ائنڈ ایچ او ‘ پدماوتی ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر’ ارون کمار ڈی ایم ڈبلیو او’ گیتا پی ڈی میپما کے علاوہ عہدیدار اور اقلیتی قائدین موجود تھے۔