اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے 66 طلبہ کو میڈیکل کورسیس میں داخلہ یقینی

   

جملہ 117 امیدوار کوالیفائی، بارکس جونیر کالج کے 26 طلبہ کو میڈیکل نشست کا امکان
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے طلبہ نے نیٹ 2026 امتحانات میں شاندار مظاہرہ کیا ہے اور 66 طلبہ کو میڈیکل کورسیس میں نشستوں کا حصول یقینی ہے۔ سکریٹری تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ نیٹ 2026 میں سوسائٹی کے 117 طلبہ کوالیفائیڈ ہوئے۔ ان میں 45 امیدواروں کو ایم بی بی ایس، 8 کو بی ڈی ایس اور 13 کو بی ایچ ایم ایس، بی اے ایم ایس اور دیگر میڈیکل کورسیس میں نشستیں حاصل ہوں گی۔ بارکس اقامتی جونیر کالج بوائز کا مظاہرہ ٹاپ رہا جہاں کے 26 طلبہ کو میڈیسن میں نشست کا امکان ہے۔ الگول گرلز کالج کے طالبات کو 18 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں جبکہ الگول بوائز کالج کے 10 امیدواروں کو میڈیسن میں داخلہ مل سکتا ہے۔ دیگر کالجس کے 6 امیدواروں کو میڈیسن میں نشست کا امکان ہے۔ راجیندر نگر کرلز کالج میں 4 اور راجیندر بوائز I اور گولکنڈہ گرلز II کالجس میں ایک ایک نشست حاصل ہوسکتی ہے۔ اسی دوران وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے نیٹ 2026 میں کوالیفائیڈ امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ کی محنت کے علاوہ سرپرستوں، پرنسپلس، فیکلٹی ممبرس اور کوچنگ ٹیم کی مساعی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے تابناک مستقبل کے لئے موثر رہنمائی اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر محمد فہیم قریشی نے بھی امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ ٹمریز کے تحت تجربہ کار فیکلٹیز کے ذریعہ طلبہ کو نیٹ اور آئی آئی ٹی۔ جے ای ای کی کوچنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ 1؍F