واحد عیسائی وزیر کو راجیہ سبھا کیلئے پھر موقع نہیں دیا گیا
نئی دہلی ۔23؍جون ( ایجنسیز)مودی حکومت میں اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مملکت جارج کورین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کی راجیہ سبھا کی مدت کار ختم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے وزراء کی کونسل کو چھوڑ دیا ہے۔ صدارتی دفتر کے مطابق صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کورین کا استعفیٰ قبول بھی کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے حال ہی میں ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں جارج کورین کو دوبارہ موقع نہیں دیا۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مرکزی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے مشورے پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے یونین کونسل آف منسٹرز سے جارج کورین کا استعفیٰ فوری طور پر قبول کر لیا ہے۔جارج کورین اقلیتی امور کے ساتھ ساتھ ماہی پروری، حیوانات اور ڈیری کی وزارت میں بھی مرکزی وزیر مملکت کا عہدہ سنبھال رہے تھے۔ ان کا تعلق کیرالہ سے ہے اور وہ مرکز کی مودی حکومت میں واحد ایسے وزیر تھے جو عیسائی برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں بطور وکیل بھی پریکٹس کی ہے۔