ٹریننگ ایمپلائمنٹ ، اسٹڈی سرکل ، ائمہ اور مؤذنین کا اعزازیہ اور مکہ مسجد کی نگہداشت شامل
حیدرآباد ۔8 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مالیاتی سال 2022-23 ء کے تیسرے سہ ماہی کے تحت محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروں کو 22 کروڑ 72 لاکھ 48 ہزار کا بجٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ فینانس سے احکامات کی اجرائی کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود نے بجٹ مختص کرتے ہوئے جی او جاری کردیا ہے ۔ بجٹ کی اجرائی میں مختلف اسکیمات کو شامل کیا گیا۔ اقلیتی امیدواروں کیلئے مختلف کورسس میں ٹریننگ سے متعلق ٹریننگ اینڈ ایمپلائیمنٹ اسکیم کیلئے 94.7 لاکھ کی منظوری دی گئی۔ بجٹ میں اسکیم کے تحت 3 کروڑ 78 لاکھ مختص کئے گئے تھے اور ابھی تک ایک کروڑ 89 لاکھ کی اجرائی عمل میں آچکی ہے۔ 94.7 لاکھ کی اجرائی کے بعد اس اسکیم کیلئے مزید 94.7 لاکھ کی اجرائی باقی رہے گی۔ بجٹ کے آخری سہ ماہی میں یہ رقم جاری کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ کرسچن مینارٹیز فینانس کارپوریشن کو مختلف ویلفیر اسکیمات کیلئے 64.38 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔کارپوریشن کیلئے 2.57 کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا تھا اور ابتدائی دو سہ ماہی میں 1.28 کروڑ جاری کئے گئے۔ اقلیتوں کے سرکاری ہاسٹلس کی نگہداشت کیلئے 1.9 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ اسکیم کیلئے بجٹ میں 7.7 لاکھ مختص کئے گئے تھے جس میں 3.9 لاکھ جاری ہوچکے ہیں۔ اردو اکیڈیمی کے تحت اردو گھر اور شادی خانوں کی تعمیر کیلئے 2.13 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی جبکہ ابتدائی دو سہ ماہی میں 28.04 کروڑ جاری کئے گئے تھے۔ مزید 2.13 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ مینارٹیز اسٹڈی سرکل کیلئے 62.5 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ بجٹ میں 2.50 کروڑ مختص کئے گئے تھے اور تاحال 1.25 کروڑ کی اجرائی عمل میں آچکی ہے۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو گرانٹ ان ایڈ کے تحت 29.25 لاکھ جاری کئے گئے۔ بجٹ میں مختص کردہ 1.17 کروڑ میں سے 58.5 لاکھ جاری کردیئے گئے ہیں۔ اکیڈیمی کو آخری سہ ماہی میں 29.25 لاکھ جاری کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ وقف بورڈ کو ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزایہ کی اسکیم کیلئے 16.94 کروڑ جاری کئے گئے۔ اس اسکیم کے تحت تاحال 14.9 کروڑ کی اجر ائی عمل میں آچکی ہے ۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز کیلئے 50 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ ادارہ کو بجٹ میں دو کروڑ مختص کئے گئے تھے جس میں ایک کروڑ کی اجرائی عمل میں آچکی ہے۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی نگہداشت اور مرمت کیلئے بجٹ میں 2.50 کروڑ مختص کئے گئے تھے جس میں 1.25 کروڑ جاری کردیئے گئے اور تیسرے سہ ماہی کے تحت 62.5 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ آخری سہ ماہی میں مزید 62.5 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رقومات کی اجرائی اور اسکیمات پر عمل آوری کا مجاز قرار دیا ہے۔ر